1 اکتوبر 2016 - 16:42
کشمیر؛ آغاحسن کی رہائش گاہ پر وادی کی دینی، مزاحمتی اور سماجی تنظیموں کا اجلاس

آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی رہائش گاہ پر وادی کی معروف دینی، مزاحمتی اور سماجی تنظیموں کا خصوصی محرم اجلاس منعقد ہوا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر// جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی رہائش گاہ پر وادی کی معروف دینی، مزاحمتی اور سماجی تنظیموں کا خصوصی محرم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں جن تنظیموں کے قائدین ونمایندگان نے شرکت کی اور اپنے زریں خیالات کااظہار کیا اُن میں امیرِ کاروان اسلامی، مولانا غلام رسول حامی، قائد ِتحریک سید علی شاہ گیلانی کے نمایندہ مولانا معراج الدین ربانی، لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک کے نمایندہ شیخ عبدالرشید ،میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کے نمایندہ حاجی محمد احسن، انجمن حمایت الاسلام کے سربراہ مولانا خورشید احمد قانونگو، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کے نمایندہ مولانا بشیر احمد شاہ، مولانا سید شمس الدین نظامی، نیشنل فرنٹ کے عبدالمجید، تحریک وحدت اسلامی کے حاجی نثار حسین راتھر کے علاوہ معروف سماجی شخصیت غلام قادر ڈار وغیرہ شامل ہیں۔

نظامت کے فرائض ایڈوکیٹ غلام احمد نیازی نے انجام دئے۔ اجلاس میں محرم تقریبات کے حوالے سے مختلف امورات کو زیر بحث لایا گیا۔

محرم تقریبات کے شایان شان اور پُرامن انعقاد کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے تمام تنظیموں کی تجاویز اور مشاورت کے بعد اجلاس میں طے پایا کہ متحدہ مزاحمتی قیادت کی نظارت میں محرم تقریبات مثالی اتحاد و اخوت اور ظلم و تسلط کے خلاف بھر پور مزاحمتی جوش و جذبے کے ساتھ انعقاد پذیر ہونگی۔

مقررین نے سالار حریت حضرت امام حسین(ع) اور اُن کے اصحاب و اقارب کی عظیم قربانیوں کو ظلم و تسلط اور جبرو بربریت کے خلاف مظلومین عالم کی مزاحمت کی تاریخ کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ امام عالی مقامؑ کی قربانیاں کسی خاص مذہب و مسلک کیلئے نہیں بلکہ اسلام اور انسانیت کے دائمی تحفظ اور مظلوم اقوام کیلئے ظلم و تسلط سے آزادی کا لائحہ عمل ہے۔

اجلاس میں جاری ہمہ گیر احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہوئے نہتے احتجاجیوں کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ نوجوانوں اورائمہ وخطیب مساجد کو بدنام زمانہ PSA کے تحت سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس میں کہا گہا کہ بھارتی جبروبربریت کی حد انتہا کے ماحول میں کشمیر اس وقت کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے، ہر گھر ماتم کدہ کی عکاسی کر رہا ہے۔ بھارت کے یزیدی حربوں کے مقابلے میں کشمیری قوم کی حسینیؑ صبر استقامت قابل تحسین ہے جس کارُخ موڑنے کیلئے ایجنسیاں موقعہ کی تاک میں بیٹھی ہوئی ہیں۔لہٰذا محرم تقریبات کو مثالی اتحاد و اخوت کے جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کرنا حالات و وقت کااہم تقاضا ہے۔اجلاس میں طے پایا کہ شیعہ سُنی کاڈی نیشن کمیٹی اور مجلس تحفظ اتحاد ایام محرم کے دوران ہر سطح پر متحرک رہیں گی۔

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے معرکہ کربلا کو ظلم و طاقت کے مقابلے میں کردار اور مظلومیت کی جنگ کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم و باطل اور جبر و استبداد کے خلاف مزاحمت معرکہ کربلا کے فکرو پیغام کی حقیقی رُوح ہے۔

وادی کی سنگین صورتحال اور بھارتی جبر بربریت کے ماحول میں ظلم و ناانصافی کے خلاف مزاحمت و استقامت محرم تقریبات کانمایاں پہلو ہونا چاہئے۔ آغاصاحب نے بلا لحاظ مسلک و فرقہ عامة المسلمین سے محرم جلوسوں میں جوق در جوق شرکت کی اپیل کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز